کراچی سمیت سندھ بھر میں ساڑھے 3بجے تک مکمل لاک ڈاؤن

شائع 08 مئ 2020 10:00am
فائل فوٹو

کراچی سمیت سندھ بھر میں آج جمعے کو ساڑھے3بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا آغاز ہوگیا،نماز جمعہ کے اجتماعات پر پابندی ہے،تمام کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں اورسڑکوں پرٹرانسپورٹ  بند ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے نافذ کئے گئے لاک ڈاؤن کا آج 47 واں دن ہےجبکہ دوپہر 12بجے سے ساڑھے 3بجے تک سخت، مکمل اور مختصر لاک ڈاؤن کا آغاز ہو گیا۔

سندھ حکومت کی جانب سے گزشتہ کئی جمعے کی طرح آج بھی کراچی سمیت صوبے بھر میں ساڑھے 3گھنٹے کیلئے لاک ڈاؤن کوبرقراررکھا گیا ہے۔

کراچی میں 12 بجتے ہی تمام سڑکیں بند کر دی گئیں، ناکوں پر موجود رینجرز اور پولیس اہلکاروں نے شہریوں کو گھروں پر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

سندھ کے محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے بھر میں دوپہر 12 بجے سے ساڑھے 3 بجے تک ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہے۔

مکمل لاک ڈاؤن کے دوران کھانے پینے کی اشیا ءسمیت تمام دکانیں ساڑھے 3گھنٹے کیلئے بند ہیں جبکہ تمام کاروباری سرگرمیاں معطل  ہیں اورسڑکوں پر ٹرانسپورٹ بھی بند ہے۔

لاک ڈاؤن کے دوران نماز جمعہ کے اجتماعات کو بھی محدود رکھا گیا ہےاور مساجد میں حکومتی اقدامات کے مطابق نماز کی ادائیگی جاری ہے،مساجد میں زیادہ سے زیادہ 5 افراد نماز جمعہ ادا کرسکیں گے ،باقی لوگ گھر میں نماز ادا کریں۔

سندھ حکومت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر مکمل طور پر عمل کریں۔